مہر خبررساں ایجنسی نےایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقہ مستونگ میں عوامی پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خود کش حملے کے نتیجے میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی سراج رئیسانی سمیت 40 افراد ہلاک جب کہ 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ میں درینگڑ کے قریب بلوچستان عوامی پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خودکش حملے کے نتیجے میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی سراج رئیسانی سمیت 40 افراد ہلاک جب کہ 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، سراج رئیسانی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔
سراج رئیسانی کے بڑے بھائی لشکری رئیسانی نے خود کش حملے میں سراج رئیسانی کے ہلاک ہونے کی تصدیق بھی کردی ہے، واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جب کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر دھماکے کی جگہ سے شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے ہیں۔
مستونگ دھماکے کے بعد کوئٹہ کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ادھر نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاوٴالدین مری نے مستونگ میں سراج رئیسانی کے قافلے پر بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مستونگ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
آپ کا تبصرہ